لیہ میں اپیکس باڈی کے احتجاج پر کشیدگی، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ،
لیہ، 24 ستمبر: لیہ ضلع آج شدید کشیدگی کی لپیٹ میں آگیا جب اپیکس باڈی کی قیادت کی اپیل پر ہزاروں افراد بھوک ہڑتال میں شریک مظاہرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں زوردار نعرے لگاتے ہوئے ہل کونسل لیہ سکریٹریٹ کی طرف مارچ کیا۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، مشتعل ہجوم نے ہل کونسل سکریٹریٹ کو آگ لگانے کی کوشش کی، تاہم بروقت فائیر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اس واقعے کے نتیجے میں سکریٹریٹ کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاع ملی ہے۔
اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں سی آرپی ایف کے اہلکار بھی شامل تھے۔ مشتعل مظاہرین نے سی آرپی ایف کی ایک گاڑی کو آگ لگا دی، جبکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے برسائے، جس کے باعث ماحول مزید کشیدہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق، پولیس نے متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے اور حالات کو قابو میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم مقامی لوگ خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ عوامی غصہ کسی بھی وقت دوبارہ بھڑک سکتا ہے۔
* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *
واضح رہے کہ لیہ میں اپیکس باڈی کے زیر اہتمام جاری بھوک ہڑتال تیسرے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے۔ اس دوران بھوک ہڑتال میں شریک دو افراد — 72 سالہ چھرینگ انگچوگ اور 60 سالہ ڈلما — کی حالت مسلسل بھوکے رہنے کے باعث بگڑ گئی تھی، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس خبر کے بعد پورے لداخ میں عوامی سطح پر سخت ناراضگی اور بے چینی دیکھنے کو ملی ہے۔
ادھر، کانگریس کمیٹی لیہ کے کونسلروں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے احتجاج کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اپیکس باڈی کے رہنماؤں اور بھوک ہڑتال میں شریک مظاہرین نے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر اس تحریک کا حصہ بنیں اور احتجاجی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں۔ اسی طرح مختلف سماجی اور عوامی تنظیموں نے بھی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھوک ہڑتال کو عوامی سطح پر لے جانے اور احتجاجی ریلیوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔لیہ میں اپیکس باڈی کے احتجاج پر کشیدگی، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ


0 Comments