کرگل اور گرد و نواح میں شدید برف باری، متعدد علاقوں میں 20 انچ تک برف جمع
کرگل، 27 فروری: کرگل ضلع کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ آج سہ پہر سے برف باری میں مزید شدت آگئی ہے۔ ہمارے نمائندے کے مطابق، ضلع کے جنوبی علاقوں، خاص طور پر سورو ویلی میں 15 سے 20 انچ تک برف جمع ہو چکی ہے، جبکہ بعض مقامات پر اس سے بھی زیادہ برف پڑنے کی اطلاعات ہیں۔
کرگل شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی دن بھر ہلکی برف باری ہوتی رہی، تاہم درجہ حرارت میں معمولی اضافے کی وجہ سے برف پگھلنے کا عمل جاری ہے۔ علاقہ صوت، جہاں ہر سال خشک سالی کا سامنا رہتا ہے، وہاں بھی اس بار خاطر خواہ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ شرگول میں بھی مناسب مقدار میں برف پڑی ہے۔
ذرائع کے مطابق، سب ڈویژن شکر چکتن میں ان تین دنوں کے دوران برف باری نہ ہونے کے برابر رہی، جبکہ سرحدی سب ڈویژن دراس میں 2 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے اور وہاں برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گمری اور زوجیلا پاس میں 3.5 فٹ سے زائد برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔
* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *
ادھر، لیہ ضلع میں موسم ابر آلود ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 25 سے 28 فروری کے دوران کرگل سمیت لداخ کے بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برف باری کی پیش گوئی کی تھی، جو درست ثابت ہوئی ہے۔
مقامی لوگ اس برف باری کو “بارانِ رحمت” قرار دیتے ہوئے خدا کا شکر ادا کر رہے ہیں، خاص طور پر کسان طبقہ اس سے بے حد خوش نظر آ رہا ہے۔ اب تک کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
0 Comments