پنجاب کو نیا وزیراعلیٰ مل گیا، عوام کیلئے کئی خوش کن اعلانات
ایجنسیز/چرنجیت سنگھ چنّی کی شکل میں پنچاب کو پہلا دلت وزیراعلیٰ مل گیا۔ اپنی حلف برداری کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چنّی یہ بتاتے ہوئے رو پڑے کہ وہ ایک عام اور غریب آدمی ہیں اور ایسے گھر میں پیدا ہوئے جس پر چھت تک نہیں تھی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی عوام کیلئے کئی خوش کن اعلان کئے .جن میں بجلی کے بل میں کٹوتی اور چھوٹے گھروں کیلئے پانی کی مفت سپلائی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ کے ساتھ سکھ جندر سنگھ رندھاوا اور او پی سونی نے نائب وزیراعلیٰ کے طو رپر حلف لیا۔ تینوں کو گورنر بنواری لال پروہت نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی اس تقریب میں شرکت کیلئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بھی چندی گڑھ پہنچے تھے ۔ رخصت پزیر وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ حلف برداری کے موقع پر موجود نہیں تھے مگر انہوں نے نئے وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔
۵۸؍ سالہ چنّی پریس کانفرنس میں آبدیدہ ہوگئے
غریب دلت پریوار سے تعلق رکھنے والے ۵۸؍ سالہ چرنجیت سنگھ چنّی وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے کہ وہ ایک انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور جس گھر میں پیدا ہوئے تھے اس پر چھت تک نہیں تھی۔ خود کو ’’عام آدمی‘‘ قراردیتے ہوئے چنّی نےاپنے انتخاب کیلئے کانگریس اعلیٰ کمان کا شکریہ ادا کیا۔
چمکور صاحب اسمبلی حلقے سے ۳؍ بار منتخب ہونے والے چنّی نے بتایا کہ روزی روٹی کیلئے انہوں نے سائیکل رکشہ تک چلایا ہے جبکہ ان کے والد ٹینٹ ہاؤس چلایا کرتے تھے۔
پنجاب میں کانگریس کیلئےمضبوط اپوزیشن بن کر ابھرنے والی عام آدمی پارٹی کو روکنے کا اشارہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خود کو ’’عام آدمی‘‘ قراردیا اورعوام کیلئے کئی خوش کن اعلانات کئے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں ۱۵۰؍ سے ۲۰۰؍ اسکوائر فٹ کے مکانات کیلئے پانی سپلائی اور سیوریج لائن مفت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کی میٹنگ میں اس تعلق سے فیصلہ کرلیا جائےگا۔
الیکٹرسٹی کی قیمتیں گھٹانے کے اعلان کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ پارٹی ہائی کمان سے انہیں ۱۸؍ نکاتی پروگرام ملا ہے جسے وہ اسی میعاد میں نافذ کردیںگے۔ سمجھا جارہاہے کہ عام آدمی پارٹی جو انتخابی وعدے کررہی ہے، کانگریس انہیں ابھی سے نافذ کرکے اس کے اثر کو کم کردینا چاہتی ہے۔ بجلی بل میں کٹوتی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ’’میری بیوی اور بہن ڈاکٹر ہیں۔ ہمارے گھر میں کئی ملازمین بھی ہیں۔ جب بجلی کا بل آتا ہے تو میری اہلیہ کہتی ہیں کہ پیسہ ان کی جیب سے جاتا ہے، ان بلوںکو کم کیا جائےگا۔ ‘‘
پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے ریاست سے ہر قسم کے مافیا کے خاتمے کا عہد لیتے ہوئے کہا ہےکہ وہ کابینہ کی میٹنگ میں ریت مافیا سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہے حکومت گرو صاحبان کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے ایک فلاحی ریاست کے طور پر کام کرے گی۔ یہ ایک عام آدمی کی حکومت ہوگی جس میں مافیا راج کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ یہ امبیڈکر کی سوچ کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ میں مافیا کا نمائندہ نہیں بلکہ عام آدمی کا نمائندہ ہوں۔‘‘
مرکز سے زرعی قوانین کی منسوخی کا مطالبہ
چنی نے اقتدار سنبھالتے ہی مرکز سے اپیل کی کہ وہ تینوں کسان مخالف زرعی قوانین کو واپس لے تاکہ کسان سڑک سے ہٹ کر اپنے کام پر لوٹ سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر کاشتکاروں کو کوئی نقصان پہنچے تو وہ اپنی گردن کٹوانے کو ترجیح دیں گے۔ نومنتخب وزیراعلیٰ نے متنبہ کیا کہ ’’اگر زراعت ڈوب گئی تو کسان اور مزدور بے حال jہوجائیں گے۔ ملک کی معیشت زراعت سے منسلک ہے۔ کانگریس کسانوں کے ساتھ جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے انہیں کمزور نہیں ہونے دے گی۔
0 Comments