معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کو آسان بنارہے ہیں،.راجہ ناصر
ایجنسیز/11جون/صوبائی وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کے پہاڑ وں میں موجود معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لئے صوبائی حکومت بڑے سرمایہ کاری کے آسان مواقع فراہم کرنے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کے لئے دن رات کوشاں ہے تاکہ یہاں کے مقامی افراد کو رائیلٹی اور روزگار کی مد میں مواقع ملیں۔
وزیر اعلیٰ محکمہ معدنیات کے ادارے کو مزید وسعت دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں تاکہ اس خطے میں موجود قدرتی معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھایا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان میں مائننگ اینڈ منرلز کو وسعت دینے کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ حکومت مائننگ کے شعبے میں کام کرنے والے غریب افراد کی مشکلات کے پیش نظر ان تمام افراد کے لئے انشورنس پالیسی متعارف کروا رہی ہے تاکہ ان غریب افراد کی مشکلات کوکم کیا جا سکے۔ ماضی میں اس اہم شعبے اور اس میں کام کرنے والے لوگوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے خطے میں غربت رہی مگر موجودہ حکومت ان پہاڑوں میں چھپے ذخائر سے فائدہ اٹھا کر علاقے سے غربت کا خاتمہ کرے گی۔
سیکرٹری منرلز ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 80کی دھائی کے بعد گلگت بلتستان میں کوئی جیالوجیکل سروے نہیں ہوا جس کے باعث یہاں پر موجود قدرتی ذخائر کے بارے میں صیح اندازہ نہیں۔ حکومت مائننگ کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں اور لیبر کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔
ورکشاپ میں شریک مائننگ سے وابستہ مختلف اداروں کے ذمہ داروں اور لیبر یونین کے افراد نے شرکت کی جبکہ مائننگ اور منرلز کے شعبے کے ماہر ڈاکٹر مرتضیٰ نے مائننگ کے دوران حفاظتی اقدامات اور گلگت بلتستان میں موجودہ قدرتی ذخائر کے حوالے سے شرکاء کو بریف کیا اور اس شعبے کے حوالے سے تیار کردہ ڈاکومنٹری بھی دیکھی گئی اور کورس میں شریک افراد کوسرٹیفکیٹ دیے گئے۔
0 Comments