کرگل کے پہلے مکمل حافظِ قرآن شیخ ابراہیم خلیلی کے اعزاز میں قم میں تقریب
قم، ایران – امام خمینی میموریل ٹرسٹ، کرگل کی ذیلی شاخ، جو اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہر قم میں واقع ہے، نے حافظِ کل قرآن، حجۃ الاسلام شیخ ابراہیم خلیلی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر آئی کے ایم ٹی کے مسئولین اور مذہبی شخصیات نے انہیں ملکی سطح پر حفظِ قرآن میں اول پوزیشن اور بین الاقوامی سطح پر نہج البلاغہ کے ایک جز کے مکمل حفظ میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ابراہیم خلیلی نے حفظِ قرآن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ انہیں مشہد مقدس میں دورانِ تعلیم، حرمِ مطہر امام رضا علیہ السلام میں منعقدہ مسابقۂ حفظِ قرآن کے دوران حفظِ قرآن کا شوق پیدا ہوا۔ بعدازاں، انہوں نے خصوصی کورس میں شمولیت اختیار کرکے محض ایک سال میں مکمل قرآن کریم حفظ کر لیا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ حفظِ قرآن کے تین خصوصی کورسز ہوتے ہیں، جن کی مدت ایک سال، تین سال، اور پانچ سال پر مشتمل ہوتی ہے۔ اگرچہ ایک سالہ کورس مکمل حفظِ قرآن کے لیے ہوتا ہے، تاہم تین سال تک تلاوت اور حفظ کو مستحکم کرنا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو کم عمری میں قرآن کریم حفظ کرنے کی ترغیب دیں کیونکہ یہ عمر یادداشت کے لحاظ سے موزوں ترین ہوتی ہے۔
* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *
یاد رہے کہ شیخ ابراہیم خلیلی نے ملکی سطح پر حفظِ قرآن کے مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کی، جبکہ بین الاقوامی سطح پر منعقدہ ایک مقابلے میں نہج البلاغہ کے ایک جز کو مکمل حفظ کرکے بھی اول پوزیشن اپنے نام کی۔
اس پروقار تقریب میں آغا سید علی الموسوی، شیخ گلزار نظام الدین، شیخ مہدی فدائی، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شیخ ابراہیم خلیلی کرگل کے پہلے مکمل حافظِ قرآن ہیں، جن کی اس عظیم کامیابی کو علمی و دینی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے۔
0 Comments