لداخ، جو اپنی برف پوش وادیوں، دلکش پہاڑوں، اور شدید سردیوں کے لیے جانا جاتا تھا، اب موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے۔ ایک وقت تھا جب فروری کے مہینے میں کرگل شہر میں کم از کم ایک سے دو فیٹ برف پڑتی تھی، جبکہ دراس، سانکو، اور سورو جیسے بالائی علاقے چار فٹ سے بھی زیادہ برف میں ڈھکے رہتے تھے۔ مقامی لوگوں کے لیے برفباری ایک عام اور متوقع مظہر تھا۔ فروری اورمارچ میں”کھس ہرژیس” کہلانے والا برفباری کاسلسلہ ہر دوسرے ہفتے جاری رہتا تھا۔
مگر اب حالات بالکل بدل چکے ہیں۔ پچھلے چند سا...