کرگل میں انقلاب اسلامی کی 46ویں سالگرہ پر عظیم الشان تقریب

کرگل: انقلاب اسلامی ایران کی 46ویں سالگرہ کے موقع پر امام خمینی میموریل ٹرسٹ (IKMT) کرگل کے زیرِ اہتمام ضلع ہیڈ کوارٹر میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق، “یوم اللہ” کی مناسبت سے کرگل میں ایک عظیم الشان جلوس اور اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ صبح 10:30 بجے مختلف علاقوں سے لوگ قافلوں کی شکل میں بس اسٹینڈ پر جمع ہوئے اور وہاں سے انقلابی ترانوں اور نعروں کے ساتھ شہر میں داخل ہوئے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر انقلابی پیغامات درج تھے۔

اسی طرح، گونگمہ، لنکھور، پویئن، شیلکچے، چھانی اور دیگر دیہاتوں کے افراد جامع مسجد کرگل میں اکٹھا ہوئے اور ایک بڑے جلوس کی شکل میں مرکزی بازار پہنچے، جہاں دونوں جلوس ایک دوسرے سے مل گئے۔ یہ مشترکہ جلوس شہر کے مختلف بازاروں سے گزرتا ہوا خمینی چوک پہنچا اور پھر حسینی پارک میں اختتام پذیر ہوا۔جلوس میں “امریکہ مردہ باد” اور “اسرائیل مردہ باد۔برطانیہ مردہ باد” کے نعرے بھی لگائے گئے۔

* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *

جلوس کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے بسیجی جوان ہمراہ تھے، جبکہ حسینی پارک کو بھی بسیجی رضا کاروں نے خوبصورتی سے سجایا تھا۔

حسینی پارک میں پہنچنے کے بعد تقریب کا باضابطہ آغاز ہوا۔ دارالقرآن منجی کے طالب علم ذیشان حیدر نے تلاوتِ کلامِ پاک سے محفل کا آغاز کیا۔ اس کے بعد مولانا فیروز ربانی نے جوشیلے انداز میں انقلابی کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ بسیجی جوانوں نے انقلابی ترانے پیش کر کے تقریب کو مزید جوش و خروش بخشا۔

نگران کونسل آئی کے ایم ٹی کے ممبر حاجی اصغر کربلائی نے اپنے خطاب میں امام خمینیؒ کے انقلاب کے اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کرگل میں انقلابی اقدامات کرنے والے مرحوم شیخ محمد حسین ذاکری کی خدمات اور آئی کے ایم ٹی کے قیام کے بعد کرگل میں دینی، علمی، معاشرتی اور اقتصادی تبدیلیوں پر گفتگو کی۔

حاجی اصغر کربلائی نے اسلامی انقلاب کے عالمی اثرات پر بات کرتے ہوئے غزہ کی ایک 5 سالہ بچی کے امریکی صدر کو دیے گئے جرات مندانہ جواب کا حوالہ بھی دیا، جسے سامعین نے توجہ سے سنا۔

صدرِ محفل حجۃ الاسلام شیخ محمد محقق نے کرگل کے عوام کو انقلاب اسلامی کے ساتھ اپنی وابستگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے 15 شعبان کو ولادتِ امام زمانہ (عج) کی شایانِ شان تقریبات کے انعقاد پر زور دیا اور آخر میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے نظامت کے فرائض مولانا ذاکر حسین نے انجام دیے، جبکہ آخر میں بسیجی جوان محمد صادق کے انقلابی نعروں کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔

10 فروری کی شام ضلع ہیڈ کوارٹر سمیت کرگل کے مختلف علاقوں میں چراغاں کیا گیا، جس سے جشن کا سماں بندھ گیا۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>