ماہِ رمضان کی آمد، کرگل میں تیاریاں مکمل، عدم رویتِ ہلال کا اعلان
کرگل: دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح لداخ کے مسلمان بھی ماہِ مبارک رمضان کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ آج 29 شعبان المعظم ہے، لیکن لداخ سمیت ملک کے دیگر ہم افق علاقوں میں چاند نظر نہیں آیا۔ اس کے پیش نظر کرگل ضلع کے دو اہم مذہبی اداروں، امام خمینی میموریل ٹرسٹ اور انجمن جمعیت العلماء اثناعشریہ کرگل، نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کا آغاز اتوار، 2 مارچ 2025 سے ہوگا، جب پہلا روزہ رکھا جائے گا۔ اس کے مطابق، کل بروز ہفتہ، 1 مارچ 2025 کو 30 شعبان المعظم ہوگا۔
ماہِ رمضان کی آمد کے پیش نظر کرگل میں مختلف دینی تنظیموں نے مساجد اور امام بارگاہوں میں تبلیغی سرگرمیوں اور دیگر مذہبی پروگراموں کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ وائس چیئرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ، حجۃ الاسلام شیخ حسنین رضوانی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی جامع مسجد کرگل میں نمازِ ظہرین کے بعد تبلیغاتی نشست کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، تفسیرِ قرآن اور قرآن خوانی کے خصوصی پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔
کرگل کے مرکزی مذہبی مراکز، احاطہ اسلامیہ اسکول اور جامع مسجد کرگل میں جمعیت العلماء اثناعشریہ کرگل اور امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام مجالس منعقد کی جائیں گی، جن میں علمائے کرام ماہِ رمضان کے فضائل اور اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔ گزشتہ برسوں کی طرح اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے مقدس شہر نجف اشرف سے علمائے کرام کرگل تشریف لاتے تھے، تاہم اس سال تاحال کسی عالمِ دین کی آمد کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *
انتظامیہ اور مذہبی تنظیموں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران روحانی ماحول کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور باجماعت عبادات میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائیں۔
0 Comments