عازمین حج کے لئے سرینگر انٹرنیشنل ہوائی اڈے سے عنقریب پروازیں شروع اور دیگر خبریں
اس سال سفر بیت اللہ پر جانے والے عازمین کے لئے سرینگر انٹرنیشنل ہوائی اڈے سے عنقریب پروازیں شروع ہورہی ہیں۔اس سلسلے میں لداخ کے عازمین رواں مہینے کی سولہ اور سترہ تاریخ کو سرینگرکے ہوائی اڈ ے سے پروازوں کا اہتمام کیاگیا ہے۔درایں اثنا یوٹی لداخ کی حج کمیٹی کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق عازمین کو نئے مقررہ شدہ شڈول کے مطابق سرینگر سے روانہ ہونے کے لئے آمادہ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
انہیں بتایا گیاہے کہ سرینگر کے ہوائی اڈے سے لداخی عازمین حج کے لئے پہلی پرواز سولہ مئی کو جبکہ دوسری پرواز سترہ مئی کو مقرر کردی گئی ہے۔واضح رہے یوٹی لداخ کے عازمین حج کو پہلے شیڈول کے مطابق 12مئی کو سرینگر ہوائی اڈہ پر پہنچنے کی ہدایت دی تھی لیکن موسم خراب رہنے اور زوجیلہ کے مقام پر برفانی تودے گرنے کے سبب سرینگر لیہ قومی شاہراہ بند ہونے کے بعد لداخ کے عازمین حج اب 12مئی کے بجائے 16مئی کو روانہ ہونگے ۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلہ کے تحت لداخ پارلیمانی حلقہ میں 20مئی کو ووٹنگ ہوگی۔جس کے پیش نظر لداخ میںانتخابی مہم شروع ہونے پر سیاسی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔اس سلسلے میں ضلع کرگل سے لداخ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار حاجی محمد حنیفہ جان نے آج امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے دفتر جاکر چیئر مین نگران کونسل حجتہ الاسلام شیخ محمد محقق اور مجلس عاملہ کے ارکین سے ملاقات کی ۔
* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *
ان کے ہمراہ ایگزیکیٹو کونسلر کاچومحمدفیروز ،سابقہ سی ای سی فیروز احمد خان ،سابقہ ایگزیکیٹو کونسلر رسول نگوی اور سابقہ کونسلر برسو محمد اسماعیل موجود تھے۔ اس موقع پر چیئر مین نگران کونسل نے لداخ کے مجموعی مفاد کے خاطر ان کو تعاون کا یقین دلایا۔ اس دوران حاجی محمد حنیفہ جان نے انجمن نوربخشیہ صوفیہ اور اہل سنت والجماعت کرگل کے زعماءسے بھی ملاقات کی اورانہیں حمایت کرنے گذارش کی۔
حاجی حنیفہ جان نے کل سانکو اور سورو علاقے کے مختلف سیاسی ومذہبی تنظیموں کے نمایندوں سے بھی ملاقات کرکے آنے والے پارلیمانی انتخابات میں عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش شروع کردی ہے۔ لداخ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار حاجی حنیفہ جان نے سابقہ ہل کونسل کے چیئر مین فیروز احمد خان اور غلام رسول نگوی کے ہمراہ علاقہ سانکو اورسورو کادورہ کیا ۔جس دوران انہوں نے انجمن صاحب الزمان ،انجمن انقلاب المہدی ،مرکز تبلیغات امام رضا سانکو کے عہدیداران سمیت مختلف مذہبی شخصیات سے ملاقات کرکے انہیں اپنے موقف سے آگاہ کیا اور انہیں حمایت کرنے کی گذارش کی۔
لداخ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر لوگوں کو اپنی جانب لبھانے کے لئے امیدواروں کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے لوگ کافی متحرک ہوگئے ہیں۔اس حوالے سے بھاتیہ جنتاپارٹی کے بہت سے لیڈر کئی روز سے لداخ میں ڈھیرہ ڈالے ہوئے ہیں جن میں بی جے پی کے قومی جنر ل سکریٹری ترون چک ،اشکوک کول اور وکرم رندوا لیہہ اور کرگل کا دورہ کرکے پارٹی ورکروں کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں۔اس حوالے سے بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگ نے گذشتہ روز کرگل ضلع کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر ویکرم رنداوا اور دیگر بھی کرگل پہنچ گئے ۔کرگل میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے ضلعی تنظیم کے لیڈران جن میں حاجی عنایت علی ،حج کمیٹی کے چیئر مین علی مجاز اوردیگر لیڈران وپارٹی ورکرز نے اس وفد کا استقبال کیا اور پارٹی ورکروںکے ساتھ میٹنگ کی۔ادھر لیہہ ضلع میں عوامی اجتماعات کے دوران بعض جگہوں پر بی جے پی کے لیڈروں کو عوام کی طرف سے ہزیمت کے مناظر سوشل میڈیاپر وائر ہورہے ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے ضلعی تنظیم کرگل کے جانب سے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے اجتماعی طورپر مستعفی ہونے پر جہاں عوامی حلقوں میں بحث کا موضوع بن گئے ہیں وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر ویکرم رندواکے کرگل دورے کے دوران میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ہل کونسل کرگل میں شامل نیشنل کانفرنس کے منڈیٹ پر کامیاب شدہ گیارہ کونسلروں کے حیثیت پر سوال اٹھایا ہے۔
اسی طرح بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈر وسابقہ چیئر مین حاجی عنایت علی نے اسے ایک شعبدہ بازی قراردیتے ہوئے اس قدم کو عوام کو بیوقوف بنانے کے لئے کرگل کے نیشنل کانفرنس اور کشمیر کے عبداللہ خاندان کی ایک ملی بھگت سے رچایاگیاایک ڈرامہ قرار دیا ہے ۔اسی طرح حاجی عنایت علی نے کانگریس پارٹی کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پچھلی دہائیوں سے کرگل کی کانگریس پارٹی کو قومی پارٹی نے منڈیٹ کبھی نہیں دیا ہے۔
0 Comments