جعفریہ کونسل جموں و کشمیر کے اہتمام سے سرینگر میں اجتماعی شادیوں کے پروگرام کا انعقاد
40 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ،عوامی حلقوں نے کیا مسرت کا اظہار
سرینگر//وادی میں جہیز کے بڑھتے ہوئے ناسور کا توڑ کرنے کے لئے جعفری کونسل کشمیر اور کلثوم ایجوکیشنل ٹرسٹ گجرات کے اشتراک سے امر سنگھ کلب سرینگر میں اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی۔
جس میں وادی کے تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے 40 یتیم اور مستحق جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے ۔تقریب میں دولہے اور دلہنوں کے علاوہ ان کے رشتہ داروں ، سماج کے دیگر ذی شعور طبقوں اور علمائے کرام نے شرکت کی۔
* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *
اس موقع پر علمائے کرام اور سماجی کارکنان نے سادہ شادیوں کے فروغ اور جہیز جیسے ناسور اور جاہلانہ رسوم و اسراف کے خلاف کھل کر بات کی۔اور ان قبیح رسوم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے سماج کے تمام طبقوں سے متحد ہونے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ سادہ شادیوں کے فروغ کے لئے سماج کے ہر فرد کو اپنا کردار نبھانے اور سینہ تان کے آگے آنے کی ضرورت ہے ۔جعفریہ کونسل کے سربراہ حاجی مصدق حسین منہاس نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہیز اور جاہلانہ رسوم کے باعث ہمارے معاشرے میں دسیوں ہزار لڑکیوں کے ہاتھ مہندی کے لئے ترس رہے ہیں اس سنگین صورتحال میں ہماری اجتماعی ذمہ داری ہیں کہ ان بیٹیوں کے لئے رشتہ ازدواج کا انتظام کریں تاکہ ہماری یہ بیٹیاں اپنی ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنا سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ جعفریہ کونسل نے آج تک سینکڑوں مستحق جوڑوں کی شادیاں کی ہیں جن میں ایک تعداد یتیموں اور بے سہارا لڑکوں اور لڑکیوں کی ہیں عوام کے تعاون سے یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری و ساری رہے گا۔ اس تقریب میں حاجی مصدق منہاس کے علاوہ سید مبشر کاظمی ،سید محمد صفوی اور سماجی کارکن مہ جبین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
عوامی حلقوں نے جعفریہ کونسل کی اس سماجی کاوش کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کیا اور اس بے مثال سماجی خدمت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے جعفریہ کونسل سے استدعا کی کہ وہ مستقبل میں بھی اجتماعی شادیوں -کا سلسلہ جاری رکھیں
0 Comments