یوٹیلٹی سٹورز سے اشیاء کی بلیک مارکیٹنگ پر کارروائی کی ہدایت
ایجنسیز/وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے رمضان المبارک کے حوا لے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں اشیاء کی سپلائی چین اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔
سحری ،افطاری اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور پانی کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔ یوٹیلٹی سٹورز میں رمضان پیکیج کے تحت روزہ داروں کو اشیاء خوردنوش کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائیں۔
گزشتہ رمضان المبارک میں یوٹیلٹی سٹورز میں اشیاء خوردنوش کی قلت اور بلیک مارکیٹنگ کی شکایات موصول ہورہی تھیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز اور یوٹیلٹی سٹورز کا متعلقہ عملہ بلیک مارکیٹنگ کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔
روزہ داروں کیلئے سبسڈائزڈ اشیاء کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ تمام مارکیٹوں میں ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریٹ لسٹ آویزاں ہو۔ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
مارکیٹوں میں کمپلین سیل قائم کئے جائیں۔ سیکورٹی کے تسلی بخش اقدامات کئے جائیں۔ عوام کو معیاری اور مناسب قیمتوں پر اشیاء خوردنوش کی دستیابی کو ممکن بنایا جائے۔
اس ماہ مبارک کے دوران صوبے بھرمیں آٹے کی بلاتعطل فراہمی اور دستیابی کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے گندم کے ترسیل کے عمل کو تیز کیا جائے۔ خصوصاً بلتستان ریجن میں گندم کا سٹاک کیا جائے۔
زلزلہ سے آفت زدہ علاقہ روندو کے عوام کیلئے خصوصی رمضان پیکیج دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں بلتستان میں غذائی قلت پرقابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی اور زلزلہ سے متاثرہ سڑک کو فی الفور بحالی کیلئے مسلسل اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے آئی جی پی گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ افطاری اور تراویح کے اوقات کار میں سیکورٹی کے تسلی بخش اقدامات کریں۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال بنائیں اور محکمہ برقیات سی سی ٹی وی کیمروں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکریٹری داخلہ، آئی جی پی گلگت بلتستان، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور کمشنر بلتستان اور کمشنر دیامرنے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی
0 Comments