موجودہ دور حکومت میں ملک کے آئین کو نظرانداز کیاجارہاہے

کرگل //21جنوری// موجودہ دور حکومت میں آئین ہند کی توہین اور بابائے قوم کی تذلیل کی جارہی ہے جو ناقابل برداشت ہے ،ان باتوں کا اظہار مصلیٰ امام خمینی منجی گنڈ میں حجت الاسلام شیخ حسنین رضوانی نے جمعہ خطبہ میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

موصوف نے اس موقع پر یوم جمہوریہ کے مناسبت پر قوم و ملت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب 1950میں ڈاکٹر امبیڈکر نے ملک کی آئین تشکیل دی تو اس آئین کے تحت ملک کے تمام مذاہب ،رنگ ونسل اورمختلف قوموں سے تعلق رکھنے والوں کو برابر حق دیاگیا تھااور ملک کے ہرطبقہ فکر کو آزادی حاصل تھی۔

ملک کے آئین کے تحت تمام مذاہب کو اپنے اپنے طریقے سے مذہبی امور انجام دینے کی اجازت حاصل تھی ۔لیکن بدقسمتی سے موجودہ دورحکومت میں اس آئین کو پس پشت ڈالکر نرسنگھ آنند جیسے آر ایس ایس کے ایجنٹوں کے ذریعے اقلیتوں خاص کر مسلمانوں کے خلاف زہریلی زبان استعمال کرنے دیا جارہاہے۔

اسی طرح حالیہ دنوں میں کرناٹک کے سرکاری کالج میں مسلم طالبات کو حجاب پہننے پر پابندی لگائی گئی ہے جوکہ جمہوری اصولوں کی منافی ہے ۔ موجودہ بی جے پی کے دور میں آر ایس ایس کے ایجنٹوں نے بابائے قوم مھاتما گاندھی” جنہوں نے ہندوستان کو انگریزوں سے آزادی دلائی“ کے خلاف کھلم کھلا ہرزہ سرائی کی گئی ۔ لہذا حکومت وقت سے ہمار ی اپیل ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور آیندہ ایسے واقعات کو دہرانے سے روکاجائے۔

شیخ حسنین موصوف نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کے ایجنٹ لداخ میں بھائی چارہ کو ختم کرنے کے درپے ہیں جنہوں نے اردوزبان کو مذہب کا رنگ دیکر ختم کرنے کی کوشش کی جوکہ قابل مذمت ہے۔اردوزبان کسی کی طرف سے تھوپا گیا زبان نہیں ہے بلکہ یہ سنکڑوں سال سے رائج زبان ہے۔لہذا ایم پی لداخ کا بیان غیر مناسب اورتعصب پر مبنی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>