سپیکر کا کونسل ٹکٹوں پر سٹینڈ لینا بے فائدہ۔ وزیر بلدیات
ایجسیز/یکم نوبر/صوبائی وزیربلدیات حاجی عبدالحمید نے کہاہے کہ کونسل الیکشن میں ہم ضمیر کا سودا نہیں کریں گے۔ بکنے والے کروڑوں تو کیا چندہزار میں بھی بک سکتے ہیں۔ جو ضمیر کے پکے ہوتے ہیں وہ اربوں روپے میں بھی نہیں بکیں گے۔
ہم پارٹی کے وفادار رہیں گے۔ غداری کرنے والوں کو ہرگز نہیں بخشاجائیگا۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن ایسا ہوگاکہ سب یاد رکھیں گے، موصوف نے مزید کہا۔
پی این سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کونسل الیکشن میں پیسے چلانے والے چلائیں گے مگرہم بکنے والے نہیں ہیں ہم ثابت قدم رہیں گے پارٹی امیدواروں کے سوا کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔ جیت ہماری پارٹی کی ہی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے لوگ ماضی میں ضمیر کا سودا کرتے رہے جس کی وجہ سے ہماری قوم نے ابھی تک کوئی ترقی نہیں کی اگر ہم ضمیر کا سودا نہ کرتے تو ترقی کے میدان میں ہم بہت آگے نکل چکے ہوتے۔ ہمیں یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی انہوں نے کہاکہ سپیکر وقت گزرنے کے بعد بات کررہے ہیں اب کونسل ٹکٹوں کے معاملے پر سٹینڈ لینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے اب وہی ہوگا جو پارٹی قیادت چاہے گی۔
انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں ماضی میں بڑی کرپشن ہوتی رہی ہر ادارے میں ہیراپھیری کی گئی کرپشن کرنے والوں کو ہرگزنہیں چھوڑیں گے جن لوگوں نے کرپشن کی ہے ان کا جینا حرام کریں گے جہاں پیسے لگنے چاہیں تھے وہاں نہیں لگائے گئے بلکہ پیسے فضول جگہوں پر لگائے گئے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایاگیاترقیاتی سکیموں کے فوائد عوام کو نہیں پہنچائے گئے۔
انہوں نے کہاکہ لوکل گورنمنٹ میں چھ ہزارروپے ماہوار تنخواہ پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہ 16ہزار روپے کردی گئی عارضی ملازمین کو مستقل کرنے پر غور وخوض شروع کردیاگیا ہے ہماری کوشش ہے کہ عارضی ملازمین کو مستقل کردیاجائے۔
انہوں نے کہاکہ آئینی صوبے کا معاملہ گول نہیں ہوا بلکہ قوم کو اس بارے میں بہت جلد بڑی خوش خبری ملے گی انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں جلد نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کی حدبندی کی جائے گی تاکہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہ آسکے ہم بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے سو فیصد سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خالد خورشید پڑھے لکھے انسان ہیں ان کی قیادت میں صوبائی حکومت فعال جارہی ہے انہوں نے تمام علاقوں کو ایک ہی نظرسے دیکھا ہے کبھی کسی علاقے کے ساتھ زیادتی نہیں کی۔
0 Comments