بابوسرٹاپ پر برفباری، تیس گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے
ایجنسیز/11اکتوبر/بابوسر ٹاپ پر سیزن کی پہلی برف باری کے باعث 30 سے زائد گاڑیاں مسافروں اور سیاحوں سمیت برف میں پھنس گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز دیامر کے سیاحتی علاقہ بابوسر ٹاپ پر اچانک ہلکی ہلکی برف باری شروع ہوگئی۔
برف باری سے محظوظ ہونے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد ٹاپ پر پہنچ گئی اور خوب أنند لیالیکن اس دوران اچانک برف باری میں تیزی آگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ٹاپ پر کئی انچ تک برف پڑ گئی۔
برف باری کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئں اور کئی مسافر بھی محفوظ مقام پر منتقل نہ ہوسکے۔مقامی لوگوں نے ٹاپ پر پھنسے مسافروں اور سیاحوں کو اپنے ہوٹلوں میں جگہ دے دی تاہم شدید سردی کی وجہ سے سیاح اور مسافر پریشان ہیں اور گاڑیاں بھی پھنسی ہوئی ہیں۔
مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پھنسے مسافروں اور سیاحوں کو ریسکیو کریں۔ ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی ہدایت پر بابوسر ٹاپ پر پھنسے سیاحوں اور مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کیلئے ریسکیو کا عمل شروع کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر دیامر سعد بن اسد نے کہا کہ بابوسر ٹاپ پر برف باری میں پھنسے سیاحوں اور مسافر کو ریسکیو کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔مجسٹریٹ کی نگرانی میں ریسکیو کا عمل جاری ہے۔ضلع انتظامیہ اپنی گاڑیوں میں بابوسر ٹاپ پر پھنسے مسافروں اور سیاحوں کو قریبی ہوٹلز میں شفٹ کررہی ہے۔مسافروں اور سیاحوں کی برف میں پھنسی گاڑیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر دیامر نے مزید کہا کہ ٹاپ پر پھنسے تمام مسافروں اور سیاحوں کو ریسکیو کرنے کیلئے انتظامیہ بھرپور کوششیں کررہی ہے اور انتظامی مشنری اس وقت الرٹ پر ہے۔بابوسر ٹاپ پر برفباری کی وجہ سے شاہراہ بابوسر کو عارضی طور پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے مسافر اور سیاح متبادل شاہراہ کا استعمال کریں اور ضلع انتظامیہ کی ساتھ تعاون جاری رکھیں۔
0 Comments