عبوری صوبہ کا فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کی اتفاق رائے سے کیا جائے گا، حکومت

ایجنسیز/11اگست/گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے آئینی ترمیم پر غور کیلئے اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور ، مشیر قانون جی بی سہیل عباس سمیت دیگر اعلیٰ وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف سٹیک ہولڈرز کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور مجوزہ آئینی ترمیم پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان تجاویزاور مجوزہ ترامیم کو پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کریں گے اور ان سے بھی تجاویز لیں گے۔

پندرہ دن بعد پھر اجلاس ہوگا اور مزید پیشرفت کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز اپنی اپنی رائے پیش کررہے ہیں اور حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کوئی فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے کیا جائے گا، مجوزہ ترامیم میں سپریم کورٹ، پارلیمنٹ میں نمائندگی سمیت دیگر اہم ترین امور شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دفعہ جی بی کیلئے کوئی آرڈر نہیں بلکہ باقاعدہ آئینی ترامیم کے زریعے اصلاحات لائی جائیں گی۔یاد رہے کہ آئین کے ذریعے سیٹ اپ دینے کا مطالبہ گلگت بلتستان کے اکثر سٹیک ہولڈرز کرتے آرہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سال گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا جس کیلئے انہوں نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی تھی۔ وفاقی وزیر قانون کی سربراہی میں قائم کمیٹی جی بی کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے آئین میں ترمیم کے مختلف پہلوئوں پر غور کر رہی ہے۔ کمیٹی کا اگلا اجلاس پندرہ روز بعد ہوگا۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>