گلگت کے پانچ مقامات میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کرنے کے احکامات جاری

ایجنسیز/10جولایی/کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد گلگت کے پانچ مقامات میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر گلگت کی جانب سے ایس ایس پی گلگت اور اسسٹنٹ کمشنر گلگت اور اے سی دنیور کے نام جاری مراسلے میں گلگت اور دنیور کے پانچ مقامات پر سمارٹ لاک ڈائون نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان مقامات میں گزشتہ دس روز کے دوران کویڈ کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔دنیور میں 22، جوٹیال میں22، برمس میں16، جلال آباد اور خومر میں گیارہ گیارہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مراسلے میں ایس ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا ہے کہ ان پانچ مقامات میں این سی او سی کی گائیڈ لائن کے مطابق سمارٹ لاک ڈائون کو یقینی بنائیں۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، روزانہ کرونا کی شرح 30فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے جو پورے پاکستان میں سب سے زیادہ ہے۔

گزشتہ 25دنوں میں جی بی میں کویڈ کے پانچ سوکے قریب مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ گلگت میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں جہاں اس وقت تین سو سے زائد کرونا کے مریض زیر علاج ہیں۔ یکم جولائی کو ایک سو سے زائد کیسز سامنے آئے تھے، گلگت بلتستان میں یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے ۔ دوسری جانب صوبائی حکومت نے ویکسی نیشن کا عمل تیز کر دیا ہے۔

محکمہ صحت کی ٹیمیں محلہ محلہ جا کر ویکسین لگوا رہی ہیں۔ دوسری جانب ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے انتظامیہ کا کریک ڈائون بھی جاری ہے۔ جمعہ کے روز ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ویکسین نہ لگوانے پر 25کے قریب دکانیں سیل کر دی گئیں۔

دریں اثنا این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر نے جمعہ کے روز ایک ٹویٹ میں خبردار کیا کہ ملک میں کرونا کی چوتھی لہر کے واضح اشارے مل رہے ہیں۔ اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو شادی ہالز اور مارکیٹ کو بند کرنا پڑے گا۔ ۔ادھرگلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے 69 نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت سے جاری رپورٹ کے مطابق گلگت میں 24 ‘ سکردو میں 17′ ہنزہ میں 13′ گانچھے اور استور میں چار چار’ دیامر میں3 ‘ شگر اور غذر میں دودو نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح گلگت بلتستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 558 ہوچکی ہے جن میں سے گلگت میں 329’سکردو میں 71′ ہنزہ میں 57′ استور میں 44′ دیامر میں 12′ گانچھے میں 11′ غذر اور شگر میں دس دس’ نگر میں 8 اور کھرمنگ میں 6 فعال مریض ہیں گلگت بلتستان میں کرونا کے پھیلاو کے روزانہ کی شرح 11.90 فیصد ہو گئی ہے۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>