انتخابات کے خلاف بات کرنے والے قوم کے ہمدرد نہیں ہو سکتے۔رہبر انقلاب اسلامی

ایجنسیز/28میی /رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کی ترغیب دلانے والے ، عوام کے ہمدرد نہیں۔

جمعرات کی صبح اراکین پارلیمنٹ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم ترین مسائل پر روشنی ڈالی اور عوام سے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی۔

آپ نے فرمایا کہ نامزد امیدواروں کی جانب سے اپنے انتخابی منشور میں عوام کی اقتصادی اور معاشی مشکلات کے حقیقی راہ حل کی نشاندہی، انتخابات میں عوامی مشارکت یا ٹرن آوٹ میں اضافے کا باعث بنے گی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے انتخابی معرکہ آرائی کے لیے لازمی باتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ انتخابات کا نتیجہ برسوں تک عوام کی زندگیوں پر سایہ فگن رہے گا اور مجھے امید ہے کہ اٹھارہ جون کو ہونے والے انتخابات، دشمنوں کی منشا کے برخلاف ایران کی عزت و سربلندی میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے شورائے نگہبان یا گارجین کونسل کی جانب سے نامزد صدارتی امیدواروں کی اہلیت کی توثیق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ میں ان تمام حضرات کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے، کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اسی طرح ان لوگوں کا دوگنا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی اہلیت کی توثیق نہیں ہوئی لیکن انہوں نے، شرافت مندانہ رویہ اپنایا اور عوام کو انتخابات میں مشارکت کی دعوت دی۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اہلیت کی توثیق نہ ہونے کا مطلب ان افراد کا نااہل ہونا نہیں بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ شورائے نگہبان یا گارجین کونسل، اپنے میکنیزم، رپورٹوں اور معلومات کی بنیاد پر ان کی اہلیت کی تشخص سے قاصر رہی ہے، اگرچہ ممکن ہے کہ وہ شخص انتہائی اعلی صلاحیتوں کا مالک ہو۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اٹھارہ جون کے انتخابات میں عوامی مشارکت کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ میں سمجھتا ہوں کہ عوامی مشارکت میں اضافہ کا تعلق کسی شخص یا اشخاص کے نام سے نہیں بلکہ لوگ ایسے شخص کی جستجو میں ہیں جو اعلی انتظامی صلاحیت کا مالک ہو اور ملکی مشکلات کو حل کرنے کے قابل ہو۔

آپ نے فرمایا کہ شاید سیاسی جماعتوں کے لیے یہ بات اہم ہو امیدواروں کا تعلق کس جماعت سے ہے لیکن عوام کے لیے یہ بات اہم نہیں کہ امیدواروں کا تعلق کس جماعت سے یا ان کا لقب کیا ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے لیکر آج تک اور خاص طور سے آئین میں ترمیم اور مجریہ کے تمام تر اختیارات وزیراعظم سے صدر کو منتقل کیے جانے کے بعد سے ایران دشمنوں کی ایران میں انتخابات کی مخالفت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ، پچھلے بیالیس سال سے دشمن کا ایجنڈہ یہ رہا ہے کہ انتخابات سے پہلے پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ عوام ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے، انتخابات میں عوام کی شرکت کے بعد کہا جاتا ہے کہ انتخابات انجینیئرڈ تھے اور منتخب ہونے والے صدر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں۔

آپ نے فرمایا کہ تمام تر دشمنی اور پروپیگنڈے کو دیکھتے ہوئے، سب کا فرض ہے کہ شرعی فریضے اور رضائے الہی کو مد نظر رکھتے ہو‏ئے اپنی ذمہ داری کو پورا کریں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کی ترویج کرنے والوں کی باتوں پر توجہ نہ دیں، یہ لوگ عوام کے ہمدرد نہیں ہیں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ میں اپنے عزیز ہم وطنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ انتخابات تو صرف ایک دن ہوتے ہیں لیکن اس کے اثرات کئی برس تک باقی رہتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے صراحت کے ساتھ فرمایا کہ انتخابات میں حصہ لیجیے، انتخابات کا تعلق آپ سے ہے، اور اس بات کو سمجھیں کہ یہ انتخابات آپ کے لیے ہیں۔

آپ نے فرمایا کہ خدا سے مدد طلب کریں کہ وہ آپ کی صحیح ،حق اور مناسب امیدوار کی جانب ہدایت کرے اور آپ اپنا حق رائے دھی ضرور استعمال کریں ۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>