ایف سی کی تعیناتی نامنظور، گورنر کو ہٹایا جائے، آغا راحت
قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان سید راحت حسین الحسینی نے جنگلات کی حفاظت کیلئے ایف سی کی تعیناتی مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گورنر اور وزیر امور کشمیر کو فوری ہٹایا جائے۔ ایف سی کی بجائے مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے۔ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا راحت حسین نے کہاکہ گورنر کا کردار مشکوک ہے، جس کی وجہ سے گورنر کو ہٹانا ضروری ہے۔
ایف سی کے اضافی اہلکاروں کو تعینات کرکے جی بی کے بجٹ پر بوجھ بننے کی بجائے مقامی لوگوں کو بھرتی کرکے جنگلات کی حفاظت کی ذمہ داری دی جائے۔ مشکل حالات میں پاک فوج نے ہی ذمہ داری ادا کی ہے لیکن ایف سی ناکام ثابت ہو چکی ہے۔ ماضی میں ایف سی ناکام ثابت ہو چکی ہے، اور عوام کو بھی بہت سی شکایتیں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کوئی خاص ذریعہ معاش بھی نہیں، عوام کا واحد ذریعہ سرکاری ملازمت ہے۔ جنگلات کی حفاظت کیلئے مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے، ایف سی کی مزید نفری لانے سے جی بی کے بجٹ پر بوجھ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورس کمانڈر سے ہماری ملاقات ہوئی تھی جس میں ہم نے انہیں اپنے سارے مسائل بتا دیئے، ایف سی کا معاملہ بعد میں آیا اگر پہلے آتا تو فورس کمانڈر کے سامنے یہ معاملہ بھی اٹھاتے۔
* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *
ہمیں امید ہے کہ فورس کمانڈر گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کو حل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ چھلمس داس میں رات کے اندھیرے میں کارروائی کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انتظامیہ چور ہے، ورنہ وہ دن کے اوقات میں کارروائی کرتی۔ عوامی ملکیتی زمینوں کو ہڑپ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیاجائے۔
0 Comments