میڈیکل سیٹوں میں کمی گلگت بلتستان کے طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ

ایجنسیز۔// قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میڈیکل کی سیٹوں میں کمی گلگت بلتستان کے طلباء  کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔

مافیا سرکار اکیسویں صدی میں گلگت بلتستان کو پتھر کے زمانے کی طرف دھکیل رہی ہے۔ بڑے بڑے دعوے کرنے والے سہولت کار ذاتی مراعات کی خاطر بھیگی بلی بن چکے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ  نیازی سرکار گلگت بلتستان کی محرومیوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی زیادتیوں پر کٹھ پتلی صوبائی حکومت اور آلہِ کاروں کی خاموشی افسوسناک امر ہے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو چراگاہ کی نظر سے دیکھتی ہے جہاں سے بہت کچھ حاصل کیا جاتا ہے مگر دیا کچھ نہیں جاتا۔

* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *

پروفیشنل کالجوں اور یونیورسٹیوں کا نہ ہونا گلگت بلتستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے ایسے میں سیٹیں کم کر کے اس مسئلے کو گھمبیر بنا دیا گیا ہے۔

طلباء کسی بھی قوم کے مستقبل کے معمار ہوتے ہیں انہیں تعلیم حاصل کرنے کے لئے جدید سہولیات اور بھرپور مواقع وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈھائی سالوں میں سونامی نے گلگت بلتستان کو کچھ بھی نہیں دیا۔ پورے گلگت بلتستان میں کوئی ایک ایسا منصوبہ یا کارکردگی دکھائیں جسکا ہم خیر مقدم کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ذمہ داران بتائیں وہ گلگت بلتستان کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں۔ تختِ بنی گالہ اور اسکے حواریوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو اپنے مزارع سمجھ رکھا ہے۔

انتخابات میں ہزاروں ارب روپے کے اعلانات کرنے والوں نے مڑ کر دیکھنا بھی گوارا نہیں کیا۔ ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے زیر تعمیر ترقیاتی منصوبے التوا کا شکار ہو رہے ہیں۔ گلی گلی کالجوں کی تعمیر کے اعلانات کر کے عوام کی نظروں میں دھول جھونکنے والے نوسربازوں نے گلگت بلتستان کا کوٹہ کم کر کے ثابت کیا کہ عوام کو دیوانے کا خواب دکھایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کٹھ پتلیوں اور انکے سہولت کاروں کو گلگت بلتستان کے وسائل پر قبضے کے لئے مسلط کیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم گلگت بلتستان کے عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کریں گے۔ اگر ان کٹھ پتلیوں اور انکے آلہِ کاروں کو بے لگام چھوڑا گیا تو یہ سب کچھ وفاق کے حوالے کر کے چھوڑیں گے۔ نالائقوں کے ٹولے کو سمجھ میں آنا چاہئے کہ وہ محض کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>